کسانوں کی زندگی بدل رہی ہے موتی کی کھیتی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2021
کسانوں کی زندگی بدل رہی ہے موتی کی کھیتی
کسانوں کی زندگی بدل رہی ہے موتی کی کھیتی

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی

کشمیرکےکسان جنیدوانی پہلے دھان اگاتے تھے مگر اب وہ موتیوں کی کھیتی کر رہے ہیں۔ انھوں نے جب سے موتیوں کی کھیتی شروع کی ہےتب سے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا ہے۔ یہی معاملہ شمشیر ملک کا بھی ہے جو اب موتیوں کی کھیتی میں مصروف ہیں۔ ہریانہ کے شمشیرملک ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرکے موتیوں کی کھیتی کررہے ہیں۔

awaz

وارانسی(یوپی) کے نارائن پور گاؤں کے رہنے والے تین بھائیوں، شویتانک پاٹھک، روہت آنند پاٹھک، موہت آنند پاٹھک اور ان کے چچا جلاج جیون پاٹھک بھی موتیوں کی کھیتی کر رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے لئے ہی نہیں گائوں کے دوسرے 180 سے زائد لوگوں کے لئے بھی روزگار پیدا کیاہے۔

جی ہاں! موتیوں کے کھیتی کے متعلق پڑھ کرحیرت میں نہ پڑیں۔ یہ موتی جو کبھی سمندر سے نکالے جاتے تھے،اب تالابوں سے لے کر گھروں تک میں پیدا کئے جارہے ہیں اور بہت سے خاندانوں کی زندگیاں بدل رہے ہیں۔

کسان کی آمدنی میں اضافہ

جند ضلع(ہریانہ) کے پولی گاؤں کے رہنے والے کسان شمشیر ملک نے ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرکےموتیوں کی کاشت کی اور اپنی آمدنی میں اضافہ کیا۔ موتیوں کی کاشت سے ان کی آمدنی میں ہر ماہ تقریباً 50 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ شمشیر ملک نے بتایا کہ ان کی سپیئر پارٹس کی دکان ہے لیکن وہ اس سے زیادہ منافع نہیں کما سکے۔ اس پر انھوں نے انٹرنیٹ سے کمانے کے طریقے ڈھونڈ نے شروع کئے۔

awaz

شمشیر کے پاس زمین کم تھی تو انھوں نے ایک مختلف انداز اختیار کیا۔ کسان نے پون دھرتی نامی کمپنی سے معاہدہ کیا۔کمپنی نے کسان کے گھر پر 280 مربع فٹ کا ٹینک بنایا ہے۔ اس میں تقریباً 12 ہزار سیپ لگائے گئے ہیں، جن میں موتی تیار کیے جا رہے ہیں۔ موتیوں کو تیار ہونے میں تقریباً ایک سال لگیںگے تاہم کمپنی انھیں ہر ہفتے ساڑھے بارہ ہزار روپے دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ انھیں سیپ فارم کی دیکھ بھال اوربجلی کے بل کے لیے ہر ماہ پانچ ہزار روپے مل رہے ہیں۔

رنجنایادوکاتجربہ

awaz

آگرہ کی رنجنا یادو نے موتی کی کاشت کا پہلا تجربہ ایک ڈرم میں کیا،جس میں سات آٹھ موتی نکلے۔ اب انھوں نے 14 بائی 14 فٹ کے تالاب میں موتیوں کی کاشت شروع کی ہے۔ رنجنا کے مطابق آگرہ میں موتیوں کی فارمنگ کی یہ پہلی کوشش ہے۔ رنجنانےاسکول آف لائف سائنس، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی سے ایم ایس سی کیا ہے۔ انھوں نے اپنی پڑھائی کے دوران پرل فارمنگ کے بارے میں سیکھا۔ بھوبنیشور جا کر موتیوں کی کھیتی کی باقاعدہ تربیت لی۔

تین بھائیوں نے گائوں بدل ڈالا

اتر پردیش کے وارانسی ضلع کے نارائن پور گاؤں کے کچھ لوگوں نے کارپوریٹ نوکریاں چھوڑ کر موتیوں کی کھیتی شروع کی۔ آج ان کی وجہ سے گاؤں کے دوسرے کسان بھی آہستہ آہستہ روایتی کاشتکاری سے ہٹ کر موتیوں کی کھیتی کی طرف جا رہے ہیں۔ یہ سب 2018 میں شروع ہوا، جب شویتانک پاٹھک نے ایک پرل فارم شروع کیا۔ اس فارم کے تحت اب تک 180 سے زائد افراد کو پرل فارمنگ کی تربیت دی جا چکی ہے۔

awaz

آہستہ آہستہ، شویتانک پاٹھک کے بھائی، روہت آنند پاٹھک، موہت آنند پاٹھک اور ان کے چچا، جلاج جیون پاٹھک نے بھی اپنی اپنی ملازمتیں چھوڑ کر ان کے کام میں شامل ہو گئے۔ آج، پاٹھک خاندان نہ صرف موتیوں کی کھیتی کرتا ہے، بلکہ گاؤں والوں کو موتیوں کی کھیتی کی تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ سب زراعت سے متعلق نت نئے تجربات اور کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

روہت پاٹھک کے مطابق نارائن پور ایک گنجان آبادی والا گاؤں ہے۔ جہاں عام کسانوں کی زمینیں بڑے کسانوں کے مقابلے میں چھوٹے حصوں میں تقسیم ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں وسائل کی بھی کمی ہے۔ ان باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم نے زراعت پر کام شروع کیا۔ کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ زراعت گاؤں والوں کے لیے روزگار اور آمدنی کے ذرائع پیدا کر سکتی ہے۔

سالانہ پانچ لاکھ کی آمدنی

گجرات کے شہر سورت کے رہنے والے نیرو پٹیل نامی نوجوان نے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد نوکری کے بجائے زراعت کا انتخاب کیا۔ نیرو کا تعلق کسان خاندان سے ہے۔ سال 2018 میں، نیرو نے موتیوں کی کاشت کرنے کا ارادہ کیا۔ اس کے لیے اس نے کچھ تالاب کھودے اور دو لاکھ روپے لگا کر کام شروع کیا۔ دن بہ دن اس کی آمدنی میں اضافہ ہوا اور اب وہ سالانہ 5 لاکھ روپے کا منافع کما رہا ہے۔

کتب فروش کی پرل فارمنگ

راجستھان کے 'نریندر کمار گروا' جو کبھی کتابیں بیچ کر روزی کماتے تھے۔ آج وہ موتیوں کی کاشت کرکے ایک سال میں لاکھوں کما رہے ہیں۔ انھوں نے گوگل پر متبادل تلاش کرنا شروع کیا۔ اس دوران ان کی توجہ موتیوں کی کاشت کی طرف مبذول ہو گئی۔ جس کے بعد انہوں نے اس کاشت کے بارے میں تحقیق کی اور اس کی تفصیلات نکالیں۔ اسی دوران انہیں اپنی تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ راجستھان میں اس کی کاشت بہت کم لوگ کرتے ہیں۔ جس کے بعد انھوں نے موتیوں کی کاشت کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے گھر کی چھت سے اس کاشت کا آغاز کیا۔

بہارمیں موتی کی کھیتی

awaz

سمستی پور(بہار) کے دل سنگھ سرائےکے رہنےوالے راج کمار شرما نے اکاؤنٹنٹ کی نوکری چھوڑ کر 2017 میں موتیوں کی کھیتی شروع کی تو لوگ ان کا مذاق اڑاتے تھے۔ لیکن کچھ نیا کرنے کا سوچ کر انھوں نے بھوبنیشور اور جے پور میں اس کی تربیت حاصل کی۔ آج وہ پانی کے ایک بڑے ٹینک میں سیپ ڈال کر موتیوں کی کاشت کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ دوسروں کوٹریننگ بھی دے رہے ہیں۔ راجکمار بتاتے ہیں کہ انہوں نے اپنے دوست پرنو کمار کے ساتھ مل کر بلاکی پور گاؤں میں پرل فاؤنڈیشن کے نام سے ایک ٹریننگ سنٹر قائم کیا ہے، جہاں ضلع کے ساتھ مظفر پور، بیگوسرائے، پٹنہ سمیت دیگر ضلعوں اورریاستوں کے لوگ تربیت لے رہے ہیں۔ ان میں وہ مزدور بھی ہیں جو لاک ڈائون کے سبب دوسری ریاستوں سے نوکریاں چھوڑ گھرواپس آئے ہیں۔

کیسے کریں موتی کی کھیتی؟

ہندوستان میں موتیوں کی کھیتی نئی ہے مگر تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ قومی بازار ہو یا بین الاقوامی منڈی، موتیوں کی مانگ ہمیشہ رہتی ہے۔ سمندر سے قدرتی طور پر حاصل کیے گئے موتیوں کی کاشت لوگوں کو اپنی طرف راغب کر رہی ہے۔ موسم سرما موتیوں کی کاشت کے لیے بہترین موسم ہوتاہے۔ اس کی کاشت کے لیے حکومت کی جانب سے بہت سے اداروں میں مفت تربیت بھی دی جاتی ہے۔حکومت اس کھیتی کے لئے مالی مدد بھی فراہم کرتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق محض پچیس،تیس ہزار روپئے میں یہ کام شروع کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے ایک حوض کی ضرورت ہوتی ہے جس میں سیپ پالے جاسکیں۔ ایک سیپ کی قیمت 15 سے 30 روپے ہوتی ہے۔ عام طور پر 3 سال کی عمر کے بعد سیپ میں موتی بننے لگتے ہیں۔ موتیوں کو تیار ہونے میں 14 سے 20 ماہ لگتے ہیں۔

موتی کی قیمت کیاہے؟

کوئی بھی 500 مربع فٹ کے تالاب میں تقریباً 100 گولے ڈال کر موتیوں کی کاشت شروع کر سکتا ہے۔ ایک موتی کی قیمت 300 سے 1500 روپے تک ہوتی ہے۔ اچھے معیار اور ڈیزائنر موتی کے بین الاقوامی منڈیوں میں 10,000 روپے تک مل سکتے ہیں۔ اگر ایک موتی کی قیمت 1000 روپے بھی ہے تو 100 گولوں سے 1,00,000 روپے تک کما سکتے ہیں۔ بہت سی آرائشی اشیاء سیپوں سے بنائی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ سیپوں سے پرفیوم آئل بھی نکالا جاتا ہے۔ موتی نکالنے کے بعد، آپ مقامی مارکیٹ میں سیپ بیچ کر بھی اچھی رقم کما سکتے ہیں۔