مرد ایک ہی بیوی پر اکتفا کریں: شیخ جامعتہ الازہر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-05-2022
مرد ایک ہی بیوی پر اکتفا کریں: شیخ جامعتہ الازہر
مرد ایک ہی بیوی پر اکتفا کریں: شیخ جامعتہ الازہر

 

 

قاہرہ: مصر کی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی جامعتہ الازہر کے شیخ ڈاکٹر احمد الطیب نے مردوں کے ایک ہی بیوی پر اکتفا کرنے پر زور دیا ہے۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر احمد الطیب نےکہا کہ مرد ایک بیوی پر اکتفا کریں کیونکہ اکثر دوسری شادی، بیوی اور بچوں پر ظلم کا باعث بنتی ہے۔

احمد الطیب کا کہنا تھا کہ ایک سے زائد شادی کے قائل افراد شدید غلط فہمی کا شکار ہیں، ہمیں ایک سے زائد شادی سے متعلق آیات کو حقیقی تناظر میں انتہائی تدبر کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا چاہیے۔ کیونکہ ایک بیوی کی موجودگی میں مردوں کو دوسری شادی کی آزادی نہیں ہے بلکہ صرف ٹھوس وجوہات پر ہی مشروط اجازت دی جا سکتی ہے۔

شیخ الجامعہ نے یہ بھی کہا کہ دوسری شادی کرنا شرعی حق ہے، میں اسے حرام قرار نہیں دے رہا اور نہ پابندی عائد کرنا چاہ رہا ہوں تاہم اس شرعی حق کو غلط انداز میں استعمال کرنے کے شدید خلاف ہوں۔

ڈاکٹر احمد الطیب نے مزید کہا کہ ہمیں ایک سے زائد شادی کے شرعی حق کے غلط استعمال کے حق کو روکنا ہوگا۔