آئی پی ایس افسر کا سادگی بھرا نکاح، تعریفوں کی جھڑی لگ گئی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2021
آئی پی ایس افسر گوہر حسن نے مسجد میں کیا نکاح
آئی پی ایس افسر گوہر حسن نے مسجد میں کیا نکاح

 

ملک میں جہیز کے خلاف سخت قوانین کے باوجود ، لوگ جہیز لینے سے باز نہیں آتے ہیں۔ لیکن کچھ ایسی مثالیں آج بھی موجود ہیں جہاں لوگوں نے اس ریا کاری سے خود کو دور رکھا۔ ایسے لوگوں میں آئی پی ایس آفیسر سید گوہر حسن بھی شامل ہیں- انہوں نے بڑی سادگی سے مسجد میں نکاح کا اہتمام کیا- گوہر حسن کی سادگی کو ہر طرف سراہا جارہا ہے۔ اس کی دلہن شفقت آمنہ بھی آئی پی ایس آفیسر ہیں۔ ٹریننگ اسی مہینے مکمل کرلی گئی ہے۔ آمنہ کی پوسٹنگ مہاراشٹرا میں متوقع ہے 

دونوں بہار کے موتیہاری کے رہائشی ہیں۔ گوہر موتیہاری کے مسکؤٹ محلے میں رہتے ہیں، جبکہ شفقت مٹھیا محلے کی رہائشی ہیں-مہاراشٹر کیڈر کے گوہر حسن 2020 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں۔ فی الحال مہاراشٹر کے ضلع جالنا میں پوسٹیڈ ہیں۔ گوہر کے والد جمیل احمد موتیہاری انجینئرنگ کالج کے ریٹائرڈ پروفیسر ہیں۔ ان کے دادا سید احمد حسن بھاگلپور یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سربراہ تھے۔

دوسری طرف ، شفقت کے والد ظفر عالم موتیہاری کے ایک سرکاری اسکول میں ٹیچر تھے- 2 فروری کو ، گوہر کی شادی موتیہاری کی جامع مسجد میں ہوئی۔ مسجد کے امام نے شادی پر خوشی کا اظہار کیا اور مسلم معاشرے سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سے ترغیب لیں اور شریعت کی پیروی کریں۔ انہوں نے اسےمثالی شادی قرار دیا ہے۔ اردو کے مقامی صحافی عزیرانجم کا کہنا ہے کہ اس شادی کی تعریف کی جانی چاہئے کیونکہ عام طور پر کروڑوں روپے ان بچوں کی شادی میں بہتے ہیں جو اعلی عہدوں پر ہیں۔ اس کے برعکس ، دونوں آئی پی ایس افسروں نے اپنی شادی کو ہر طرح کے تام جھام سے دور رکھا ہے