عید قربان پر بننے والے مسلم دنیا کے مشہور پکوان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-07-2022
عید قربان پر بننے والے مسلم دنیا کے مشہور پکوان
عید قربان پر بننے والے مسلم دنیا کے مشہور پکوان

 

 

عید قربان حضرت ابراہیم علیہ السلام کے اس بہادرانہ اقدام کی یاد میں منائی جاتی ہے جب انہوں نے خدا کی خوشنودی کے لیے اپنے بیٹے کو قربان کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس  وقت سے لے کر آج تک ہر سال مسلمان گائے، بھینس، بکری، بھیڑ اور اونٹ سنت ابراہیمی ادا کرنے کی نیت سے بقرعید کے دنوں میں ذبح یعنی قربان کر تے چلے آرہے ہیں جبکہ  قربانی کے جانوروں کا معقول حصہ پڑوسیوں یا غریبوں میں بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔

میٹھی عید ہو یا پھر عید قربان  یہ سال  کے ایسے تہوار ہیں جہاں  مسلم گھرانوں میں جشن کا سماں ہوتا ہے ۔ جو انفرادی پس منظر سے قطع نظر مسلمانوں کو اکٹھا کرتے  ہیں۔عید کے موقع پر  تمام مسلم دنیا میں اپنی اپنی مختلف ثقافتوں کے  مطابق  لذیذ کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ عید قربان  پر بھی  کچن روایتی  پکوانوں کی خوشبو سے مہکتے رہتے ہیں ۔

نظر ڈالتے ہیں  عید قربان پر  مختلف  مسلم ملکوں میں بننے والے پکوانوں پر ۔

  مروزیہ 

 مشرق وسطیٰ  میں  بھیڑ (ممینے)کے گوشت کو بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے زیادہ تر ثقافتی پکوان بھیڑ کے گوشت کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتے۔Mrouzia بھیڑ (ممینے)کے گوشت سے بنی مزیدار ڈش ہے جس سے وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا سمیت پوری مسلم دنیا میں ہر کوئی لطف اندوز ہوتا ہے۔

 یہ بھیڑ کے گوشت اور مراکش کے مسالوں سے بنی ایک مشہور ڈش ہے۔ اس  پکوان کی  سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں شہد کو مصالحے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم  یہ لوگوں کے ذائقے اور ترجیحات پر منحصر ہے کہ وہ شہد شامل کریں گے یا نہیں۔ دوسری صورت میں، ہلدی، الائچی اور زیرہ جیسے عام مصالحے بھی میمنے کے سٹو میں استعمال ہوتے ہیں۔ اس میں خشک میوہ جات جیسے کشمش اور بادام ہوتے ہیں۔

 ٹیگین (مراکشی اسٹو)

مراکش سے تعلق رکھنے والا، ٹیگین پورے شمالی افریقہ میں مقبول ہے اور عید الاضحی کے موقع پر دسترخوان کا  اہم حصہ ہوتا ہے۔ مٹی کے نوک دار برتن میں  یہ ڈش پکائی جاتی ہے، ٹیگین مزیدار سٹو بنانے کے لیے گوشت اور سبزیوں کو اکٹھا  کرکے ہلکی آنچ پر پکایا جاتا ہے۔

 کبہ (یا اوروک)

 بلگور آٹے اور سوجی ، گوشت، مصالحے، جڑی بوٹیوں اور گری دار میوے سے بھرے ہوئے، یہ خوبصورت بیکڈ میٹ بالز ترکی کا مشہور پکوان ہے  اور زیادہ تر تہواروں کے موقعوں پر دسترخوان پر ملیں گے۔

مامول

لبنانی مسالہ دار، شارٹ بریڈ نما بسکٹ کھجور، انجیر، مصالحے یا پستے سے بھرے جاتے ہیں۔یہ نمکین پکوان کے ساتھ عید پر دسترخوان کی زینت بنتے ہیں ۔

  بریانی

 پاکستان کی تو کوئی دعوت بریانی کے بغیر مکمل ہوتی نہیں ہے ۔ عید پر بھی ہر گھر کے دسترخوان پر مختلف ذائقوں والی بریانی لازمی ہوتی ہے۔ کسی گھر میں سندھی بریانی تو کسی گھر میں حیدرآبادی بریانی تو کسی گھر میں بمبئی بریانی تو کسی گھر میں کراچی بریانی تو کہیں وائٹ بریانی تو کہیں پلاؤ بریانی بنتی ہے ۔ چاول گوشت اور مختلف دیسی مصالحوں سے بنائی جانے والی یہ چاولوں کی یہ ڈش سب کی پسندیدہ ہے۔  یہ روایتی ڈش اتنی لذیذ  اور مشہور ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان  کی  مزیدار شناخت کے طور پر مشہور ہے۔

 مقلوبہ 

 یہ پورے مشرق وسطی میں خاص طور پر عراق اور شام جیسے ممالک میں کھائی جانے والی ایک مشہور ڈش ہے۔ روایتی عربی مصالحوں  سے بنی یہ انتہائی لذیذ  ڈش ہے۔اس پکوان کے لیے  سبزیاں، گوشت اور چاول سب کو ایک ساتھ پکایا جاتا ہے اور پھر پلیٹ میں الٹا رکھ دیا جاتا ہے۔ دیکھنے میں یہ کیک کی طرح لگتا ہے لیکن چاول سے بنتا ہے جس میں  گوشت کی تہہ سب سے اوپر ہوتی ہے  ۔

بھنا گوشت

 یہ پکوان  نہ صرف  پورے مشرق وسطیٰ بلکہ پاکستان کے اندر بھی مشہور ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی باربی کیو عام طور پر بھیڑ کے گوشت پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کی تیاری  بھی کوئی مشکل نہیں ہے کیونکہ اس کے لیے صرف ضروری مصالحوں کی ضرورت ہوتی ہے  جبکہ پھر  اسے  حسب ذائقہ مکھن میں تیل میں آہستہ آہستہ پکاتے ہیں ۔ یہ  بھنا گوشت جتنا   نرم ہوگا ، ذائقہ اتنا ہی اچھا ہوگا۔

 بولانی

یہ ایک افغانی ڈش ہے جو سادہ مگر مزیدار اجزاء کے لیے مشہور ہے۔ یہ نوجوانوں میں خاص طور پر بچوں میں تہواروں یا مذہبی تقریبات کے دوران سب سے زیادہ مقبول ہے۔ اس کی تیاری بھی آسان ہے، یہ  پکوان ایک فلیٹ بریڈ پر مشتمل ہوتا ہے جو مختلف قسم کے فلنگز سے بھری ہوتی ہے جس میں زیادہ تر آلو اور باقاعدہ سبزیاں شامل ہوتی ہیں۔ جبکہ عید الاضحی کے دوران گوشت کے پکوانوں سے بھرے دسترخوان میں سائیڈ سنیک کے طور پر  موجود ہوتا ہے ۔

 سویاں

مختلف مسلم ممالک میں چاہے میٹھی عید ہو  یا پھر عید قربان روایتی طور پر عید کی نماز کے بعد سویاں ناشتے میں کھائی جاتی ہیں بچے اور بڑے سبھی عید کی اس روایتی ڈش کو بہت شوق سے کھاتے ہیں ۔

 مندرجہ بالا پکوان عید پر بنائے جانے والے مسلم دنیا کے روایتی اور ثقافتی  کھانوں کی صرف ایک جھلک ہیں ۔  عید تو نام ہی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں بانٹنے کا نام ہوتا ہے ۔ اپنی خوشیوں میں ضرورتمندوں کو  بھی یاد رکھیں ۔