مسجد حرام کے قالینوں کی صفائی کے لئے قائم ہے ایک کارخانہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-10-2021
مسجد حرام کے قالینوں کی صفائی کے لئے قائم ہے ایک کارخانہ
مسجد حرام کے قالینوں کی صفائی کے لئے قائم ہے ایک کارخانہ

 

 

مکہ: صدارت عامہ برائے امورحرمین شریفین چوبیس گھنٹے مسجد حرام کے قالینوں کی صفائی، ان میں موجود جراثیم کشی اور انہیں معطر کرنےکا کام کر رہی ہے۔ جنرل پریذیڈنسی کے زیرانتظام کدی کے مقام پر قالین کی لانڈری کے اندر ہر ہفتے 1500 قالین دھونے کا کام کیا جاتا ہے۔

قالینوں کی صفائی کو برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مقصد بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

جدید ترین اور خصوصی آلات مسجد حرام کے قالینوں کی صفائی کے محکمے کے ڈائریکٹر جابر الودعانی نے وضاحت کی کہ صدارت عامہ برائے امور حرمین کے زیرانتظام مکہ معظمہ میں کدی کے مقام پر ایک لانڈری قائم کی گئی ہے جو قالین دھونے کے لیے وقف ہے۔

اس میں مسجد الحرام کے قالینوں کی صفائی، جدید ترین ذرائع اور آلات سے لیس مشینوں سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد حرام سے ہر ہفتے 2 ہزار قالین لانڈری پر دھونے اور معطر کرنے کے لیے لائے جاتے ہیں۔

پہلے مرحلے میں خود کار طریقے سے قالینوں پر موجود گردوغبار ہٹایا جاتا ہے۔اس کے لیے معیاری ٹیکنالوجی آلات استعمال ہوتے ہیں۔

دوسرے مرحلےمیں قالینوں کو جراثیم کش، پانی اور خصوصی صابن سے خود کار طریقے سے دھویا جاتا اور جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔ پھران میں سے صابن کو نکالنے کے لیے قالینوں کو پانی سے دھویا جاتا ہے۔

تیسرا مرحلہ ان قالینوں کو خشک کرنے کرنے کا ہے۔ خشک کرنے کے لیے انہیں مخصوص ٹیوبیوں سے گذارا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان پر قدرتی گلاب کا عرق چھڑکا جاتا ہے اور ان کی پرفیومنگ کی جاتی ہے۔

قالین کی دیکھ بھال کا کارخانہ الودعانی نے بتایا کہ مسجد حرام کی قالینوں کو دھونے کا عمل تیز رفتاری سے عمل میں لایا جاتا ہے اور ایک گھنٹے میں تقریبا 240 میٹر فی قالین دھوئے جاتے ہیں۔

اس کے بعد انہیں محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی گوداموں میں ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ گودام کے اندر مسجد حرام کے 26,000 قالین تیار حالت میں رکھے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لانڈری میں قالینوں کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے جدید ترین مشینوں سے لیس ایک لیبارٹری بھی موجود ہے تاکہ قالینوں کو دوبارہ بحال کیا جا سکے اور ان کو واپس کیا جا سکے۔

مسجد حرام کے اندر قالینوں کو براہ راست اور فوری طور پر دھونے کے لیے بھی مشینیں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں چوبیس گھنٹے جھاڑو، صفائی اور جراثیم سے پاک کرنے کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ (العربیہ اردو)