اصغر علی: پینٹنگز کے ذریعے پیش کر رہے ہیں گنگا-جمنی تہذیب کا خوبصورت رنگ
Story by ATV | Posted by Aamnah Farooque | Date 14-11-2025
فنکار اصغر علی: اپنی پینٹنگز کے ذریعے پیش کر رہے ہیں گنگا-جمنی تہذیب کا خوبصورت رنگ
اونیکا مہیشوری ۔ نئی دہلی
فن صرف وہ نہیں جو آنکھ دیکھتی ہے، بلکہ وہ ہے جو دل محسوس کرتا ہے۔ یہی یقین مشہور و معروف فنکار اصغر علی کا ہے، جنہوں نے نہ صرف اپنی پینٹنگز سے دنیا میں ایک پہچان بنائی بلکہ گنگا-جمنی تہذیب یعنی ہندو-مسلم یکجہتی اور محبت کا پیغام بھی عام کیا۔ اصغر علی کے نام کئی عالمی ریکارڈ درج ہیں، مگر ان کے لیے اصل کامیابی یہ ہے کہ اُن کی ہر تخلیق میں انسانیت، عقیدت اور ہم آہنگی کی جھلک نظر آتی ہے۔
اصغر علی کا کہنا ہے کہ وہ شری کرشن کے بچپن کی معصومیت اور ان کے بانسری و مورپَنکھ کے رنگوں سے بےحد متاثر ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ ایک فنکار کی اصل پہچان اُس کی باریکیوں کو خوبصورتی سے ظاہر کرنے کی صلاحیت میں ہے، اور یہی انہوں نے اپنی پچاس سے زیادہ پینٹنگز میں دکھایا ۔ جو کرشن کے بچپن، جوانی، مہابھارت کے زمانے اور اُن کی لِیلا پر مبنی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل گیتا مہوتسو میں بھی اپنی ’’کرشن کانسیپٹ‘‘ پر مبنی پینٹنگز کی نمائش کی، جسے عوام نے بےحد پسند کیا۔ ان کی سب سے بڑی پینٹنگ ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر تیار کی گئی. یہ شاہکار نہ صرف عالمی ریکارڈ میں شامل ہوا بلکہ وزیرِ اعظم کے دفتر کو بھی بھیجا گیا۔
اصغر علی کا ماننا ہے کہ ایک فنکار کا کوئی مذہبی یا جغرافیائی دائرہ نہیں ہوتا۔ وہ اپنی پینٹنگز کے ذریعے آنے والی نسلوں کو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ میری پینٹنگز سے انسانیت کی خوشبو آئے، اور لوگ یہ سمجھیں کہ فن مذہب سے نہیں، دل سے جنم لیتا ہے۔
دہلی کے دوارکا سیکٹر-12 میں واقع اُن کا ادارہ "کلابھومی" آج ہزاروں نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہا ہے۔ اصغر علی نے دہلی کے شاہباد محمد پور گاؤں سے اپنے سفر کی شروعات کی۔ ابتدا میں وہ صرف تیس بچوں کو دری پر بٹھا کر پینٹنگ سکھاتے تھے۔ آج اُن کے ادارے کالابھومی میں سات ہزار سے زائد طلبہ فنِ مصوری سیکھ رہے ہیں جن میں آسام، مغربی بنگال، کولکتہ سمیت ہندوستان کے مختلف حصوں سے طلبہ شامل ہیں۔ ’’کالابھومی‘‘ کے نام لیمکا بُک آف ریکارڈز، ایشیا بُک آف ریکارڈز، ورلڈ وائڈ بُک آف ریکارڈز، انڈیا بُک آف ریکارڈز سمیت متعدد عالمی ریکارڈ درج ہیں۔
انہوں نے 500 روپے کے پرانے نوٹ پر بھی پینٹنگ بنا کر منفرد پہچان حاصل کی، جب کہ اُن کی آرٹ نمائشیں دبئی، سنگاپور، اور تھائی لینڈ جیسے ممالک میں بھی منعقد ہو چکی ہیں۔ اصغر علی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے فائن آرٹس کی تعلیم حاصل کی اور گزشتہ 18 سالوں سے اپنے شاگردوں کے خوابوں کو حقیقت میں ڈھالنے میں مصروف ہیں۔
آج اُن کے کئی شاگرد لداخ اور آسام میں اپنی آرٹ کلاسز چلا رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں تہاڑ جیل میں قیدیوں کے لیے ایک آرٹ ورکشاپ بھی منعقد کی، جہاں انہوں نے پایا کہ قیدیوں میں بھی تخلیقی صلاحیت موجود ہے، اور بہت سے لوگ رہائی کے بعد اسی فن کے میدان میں اپنی نئی زندگی شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اصغر علی نے اعتراف کیا کہ اسلام میں مصوری کو عام طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا، لیکن اُنہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
جب انہوں نے پینٹنگ شروع کی تو اُن کے گھر والوں نے کہا کہ اگر وہ فن کو اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں تو خود ہی راستہ نکالیں۔ اصغر نے یہ چیلنج قبول کیا اور آج وہ خود ایک مثال بن چکے ہیں۔ جدید دور میں جب آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے فن آسانی سے تیار کیا جا سکتا ہے، اصغر علی کا ماننا ہے کہ اے آئی کوئی مقابلہ نہیں بلکہ ایک سمارٹ ٹول ہے۔ اصل فن وہ ہے جو انسان کے دل سے نکلے، نہ کہ مشین سے۔
فنکار اصغر علی نہ صرف مصوری کے میدان میں ایک معتبر نام ہیں بلکہ انسانیت، محبت اور رواداری کے علمبردار بھی ہیں۔ اُن کی پینٹنگز گنگا-جمنی تہذیب کا آئینہ ہیں جہاں مذہب نہیں، صرف رنگ، احساس اور ہم آہنگی کی زبان بولتی ہے۔ اصغر علی نے ثابت کیا ہے کہ سچا فنکار وہ ہے جو اپنے فن کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو جوڑ دے۔