ڈل جھیل میں اپنی نوعیت کا پہلا اوپن ائیر فلوٹنگ تھیٹر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2021
ڈل جھیل میں اپنی نوعیت کا پہلا اوپن ائیر فلوٹنگ تھیٹر
ڈل جھیل میں اپنی نوعیت کا پہلا اوپن ائیر فلوٹنگ تھیٹر

 

 

سرینگر: رضوان شفیع وانی 

جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں واقع ڈل جھیل کے بیچوں بیچ کھلے آسمان کے نیچے بنایا گیا اپنی نوعیت کا پہلا اوپن ائیر فلوٹنگ تھیٹر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

محکمہ سیاحت نے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے ایک پرائیویٹ تھیٹر گروپ کے ساتھ مل کر ڈل جھیل میں اوپن ائیر فلوٹنگ تھیٹر تیار کیا ہے۔ اس کے لیے جھیل میں چار بڑی اسکرینز لگائی گئی ہیں۔

جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے اس اوپن ائیر تھیٹر کا اِفتتاح کیا۔ اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ، ناظم سیاحت جی این ایتو بھی موجود تھے۔

awaz

رات میں اوپن تھیٹرکادلکش منظر

سیاحوں اور وہاں موجود مقامی لوگوں نے اس اوپن ائیر تھیٹر میں ٹیلی کاسٹ ہونے والی فلم 'کشمیر کی کلی' دیکھی۔ فلم دیکھنے کے لیے شکاروں اور ہاؤس بوٹس کا ایک بیڑا دستیاب رکھا گیا تھا۔ شائقین نے ان شکاروں اور ہاؤس بوٹس میں بیٹھ کر فلم کا لطف اٹھایا اور فلوٹنگ تھیٹر سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

سیاحت اور ثقافت کے سکریٹری سرمد حفیظ نے بتایا کہ اس اوپن تھیٹر سے کشمیر میں سیاحت کو فائدہ پہنچے گا۔ 'لوگوں کی مانگ تھی کہ یہاں ایوننگ ایونٹس منعقد کیے جائیں۔ اوپن ائیر تھیٹر کا تصور کافی منفرد ہے،جو دنیا میں کہیں نہیں پایا جاتا ہے۔ اس سے کشمیر میں سیاحت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ شکارہ، ہاؤس بوٹ مالکان کھلے دل سے سیاحوں کا استقبال کر رہے ہیں'

انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے نقطہ نظر سے جموں و کشمیر سب سے محفوظ ہے کیونکہ سیاحتی شعبے سے وابستہ تمام لوگوں کو ویکسین کی خوراک فراہم کی گئی ہے۔

awaz

ڈل جھیل میں شکاروں میں بیٹھ کرتھیٹرکالطف

سرمد حفیظ نے بتایا کہ موسم سرما آنے والا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے سیاح کشمیر کا رُخ کریں گے۔ مقامی لوگوں اور سیاحوں نے حکومت کے اس اقدام کو ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے کشمیر کی سیاحت کو فروغ ملے گا۔

ٹور اینڈ ٹراول آپریٹر فاروق احمد کھٹو نے آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی یہ قابل ستائش قدم ہے۔ اس طرح کے پروگرامز سے کشمیر میں سیاحت کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر آئیں اور یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں۔' انہوں نے بتایا کہ یہ فلوٹنگ تھیٹر بھی بہت اچھا ہے۔ اس طرح کی مزید سرگرمیاں ہونی چاہیے تاکہ سیاح یہاں کی طرف راغب ہوں۔' کشمیر میں ایوننگ ایونٹس پہلی بار منعقد ہو رہے ہیں اور میں محکمہ سیاحت کو ایسے زبردست پروگرام منعقدکرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جو کشمیر کی خوبصورتی کو ظاہر کر سکتا ہے'۔

awazurdu

واضح رہے کہ اس سے قبل چیف سیکرٹری نے گھاٹ نمبر 7 میں لیزرشو کا اِفتتاح کیا اور وہاں کشمیر میں ہاؤس بوٹس کی تاریخ پر ایک مختصر فلم بھی کھلی ہاؤس بوٹ پر ٹیلی کاسٹ کی گئی۔ معززین نے گیلری کا بھی معائینہ کیا جس میں پرانے رِسالوں اور تصاویر ، دریائے جہلم اور جھیل ڈل میں ہاﺅس بوٹوں، کشمیر ثقافت اور روایتی ضیافتوں کو دکھا یا گیا ہے۔

اِس موقعہ پر روشنیوں سے مزین اور چمکتی ہوئی شکارہ ریلی نہرو پارک سے ہوتی ہوئی کبوتر خانہ تک پہنچی جس میں مقامی فن کاروں نے ان شکاروں پر کشمیری گیت گاتے اور رقص کرتے ہوئے مہمانوں اور بلیوارڈ روڈ سے گزرنے والے تمام راہگیروں کو مسحور کیا۔