ایلون مسک معاہدے سے دستبردار، ٹوئٹر سے قانونی جنگ کا آغاز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 09-07-2022
ایلون مسک معاہدے سے دستبردار، ٹوئٹر سے قانونی جنگ کا آغاز
ایلون مسک معاہدے سے دستبردار، ٹوئٹر سے قانونی جنگ کا آغاز

 

 

نیویارک:ٹیسلا اور سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دنیا کے امیر ترین کاروباری شخص ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر خریدنے کے لیے اپنا 44 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم کر رہے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا کمپنی نے انضمام کے معاہدے کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کی تھی۔

جس کے بعد ٹوئٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر کہا کہ مسک کی جانب سے دستبرداری کے بعد بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے لکھا: ’ٹوئٹر بورڈ ایلون مسک کے ساتھ طے شدہ قیمت اور شرائط پر لین دین کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کیس فائلنگ میں ایلون مسک کے وکلا نے دعویٰ کیا کہ ٹوئٹر جعلی یا سپیم اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات کے لیے متعدد درخواستوں کا جواب دینے میں ناکام رہا یا انہوں نے اس بارے میں انکار کر دیا جو کمپنی کی کاروباری کارکردگی کو جانچنے کے لیے بنیادی پہلو ہے۔

مزید کہا گیا: ’ٹوئٹر اس معاہدے کی متعدد دفعات کی عملی خلاف ورزی میں ملوث ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس نے معاہدے کی غلط اور گمراہ کن نمائندگی کی ہے جس پر مسک نے انضمام کے لیے اعتماد کیا تھا۔

‘ ایلون مسک نے یہ بھی دعویٰ کہ وہ اس وجہ سے پیچھے ہٹ رہے ہیں کیونکہ ٹوئٹر نے اعلیٰ درجے کے ایگزیکٹوز اور ایک تہائی ٹیلنٹ ایکوزیشن ٹیم کو برطرف کر دیا جس سے ٹوئٹر کی اس ذمہ داری کی خلاف ورزی ہوتی ہے، جس کے تحت اس نے موجودہ کاروباری تنظیم کو کافی حد تک برقرار رکھنے کا عزم کیا تھا۔

قانونی جنگ

 ایلون مسک کے دستبرداری کے فیصلے کے نتیجے میں ٹیسلا کے مالک اور سان فرانسسکو میں قائم 16 سال سے قائم کمپنی ٹوئٹر کے درمیان ایک طویل قانونی جنگ کا امکان ہے۔

متنازع انضمام اور ایکوزیشنز جو ڈیلاویئر کی عدالتوں میں پیش کیے گئے ہیں، اس کا اختتام اکثر کمپنیوں کے سودوں پر دوبارہ گفت و شنید کرنے یا معاہدے کو چھوڑنے کے لیے تصفیے کی رقم ادا کرنے سے نہیں ہوتا، بجائے اس کے کہ کوئی جج حکم دے کہ لین دین مکمل کیا جائے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹارگٹ کمپنیاں اکثر اپنے مستقبل کی غیر یقینی صورت حال کو حل کرنے اور آگے بڑھنے کی خواہشمند ہوتی ہیں۔ اس معاملے سے واقف ایک شخص کے مطابق ٹوئٹر امید کر رہا ہے کہ عدالتی کارروائی چند ہفتوں میں شروع ہو جائے گی اور چند ماہ میں اس کا حل نکل آئے گا۔